Svoboda | Graniru | BBC Russia | Golosameriki | Facebook

رسائی کے لنکس

آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے کا الزام، ریا چکرورتی پر فردِ جرم عائد


بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی پر سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کے مطابق این سی بی نے بدھ کو اداکارہ ریا چکرورتی پر فردِ جرم عائد کی۔ این سی بی کی چارج شیٹ میں ریا سمیت دیگر 34 افراد کے نام بھی شامل ہیں۔

تیس سالہ اداکارہ پر آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات خریدنے اور مالی معاونت فراہم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ جب کہ اس کیس میں ان کے بھائی شوک چکرورتی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

این سی بی کے مطابق "ریا سوشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرتی تھیں اور اس کی ادائیگیاں بھی وہ خود ہی کرتی تھیں۔"

'این ڈی ٹی وی' کے مطابق ریا چکرورتی پر عائد الزامات ثابت ہو نے پر انہیں 10 برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ریا چکرورتی کو ستمبر 2020 میں گرفتار بھی کیا گیا تھا اور گرفتاری کے تقریباً ایک ماہ بعد انہیں ممبئی ہائی کورٹ نے ضمانت دے دی تھی۔

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے حوالے سے این سی بی کے علاوہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) بھی تحقیقات کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ بالی وڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ برس 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں اسے خود کشی قرار دیا تھا۔

بالی وڈ اسٹار کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کے خاندان نے سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کو سوشانت کی موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے درخواست دائر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG