Svoboda | Graniru | BBC Russia | Golosameriki | Facebook

رسائی کے لنکس

فوجی کیمپ میں تربیت کے لیے کرکٹرز کے ناموں کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • پی سی بی کے مطابق 29 کھلاڑی کاکول اکیڈمی ایبٹ آباد میں فٹنس پریکٹس کریں گے۔
  • کھلاڑی 26 مارچ سے آٹھ اپریل تک تربیتی کیمپ کا حصہ ہوں گے۔
  • پی سی بی کے مطابق تربیت کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ سیریز اور ٹورنامنٹس کا حصہ بننے والے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جنہیں فوجی اکیڈمی میں تربیت دی جائے گی۔

پی سی بی کے مطابق 29 کھلاڑی کاکول اکیڈمی ایبٹ آباد میں فٹنس پریکٹس کریں گے اور فٹنس کیمپ کے لیے پاکستان آرمی کا تعاون حاصل ہو گا۔

پی سی بی نے ایک اعلامیے میں بتایا ہے کہ کھلاڑی 26 مارچ سے آٹھ اپریل تک تربیتی کیمپ کا حصہ ہوں گے اور تمام کھلاڑی آج ہی رپورٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فوج کے تربیتی کیمپ میں تربیت حاصل کریں گے۔

اس سے قبل مئی 2016 میں بھی پاکستان ٹیم کے دورۂ انگلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے کاکول میں کیمپ لگایا گیا تھا۔

تربیتی کیمپ کے بعد پاکستان ٹیم کے اس وقت کے کپتان مصباح الحق کی قیادت میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم نے نہ صرف انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی بلکہ پاکستان ٹیم سیریز بھی برابر کرنے میں کامیاب رہی تھی۔

پی سی بی کے مطابق ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کو نہ صرف ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، بلکہ رواں برس ہی آئر لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلنا ہے۔

تربیتی کیمپ کے لیے کون کون منتخب ہوا؟

پی سی بی نے کاکول اکیڈمی میں تربیت کے لیے جن 29 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ان میں بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث اور اعظم خان شامل ہیں۔

اسی طرح سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، ابرار احمد، عرفان خان نیازی، مہران ممتاز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس، حسن علی، محمد علی، زمان خان، محمد وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامر شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق تربیت کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ درپیش چیلنجز کا بہتر طریقے سے مقابلہ کر سکیں۔

پی سی بی کے مطابق تجربہ کار کوچز اور ٹرینرز کی نگرانی میں کھلاڑیوں کے فٹنس معیار سمیت فیلڈ کی پرفارمنس پر توجہ دی جائے گی۔

فورم

XS
SM
MD
LG