Svoboda | Graniru | BBC Russia | Golosameriki | Facebook

رسائی کے لنکس

وائٹ ہاؤس میں رمضان کی کسی تقریب میں شریک نہیں ہوں گے، امریکی مسلم گروپس


فائل فوٹو - 2 مئی 2022 کوعید الفطرکے وائٹ ہاوس کے ایک استقبالیہ کے دوران صدر جو بائیڈن، اور طالب ایم شریف، صدر اور واشنگٹن میں مسجد محمد کے امام دکھائی دے رہے ہیں۔
فائل فوٹو - 2 مئی 2022 کوعید الفطرکے وائٹ ہاوس کے ایک استقبالیہ کے دوران صدر جو بائیڈن، اور طالب ایم شریف، صدر اور واشنگٹن میں مسجد محمد کے امام دکھائی دے رہے ہیں۔

غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے امریکی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ وہ اس سال وائٹ ہاؤس کی رمضان اور عید کی تقریبات میں حصہ نہیں لیں گے۔

امریکی مسلمان صدر جو بائیڈن کی جانب سے اسرائیل کی حمایت سے نالاں ہیں وہ مسلسل یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ امریکی صدر غزہ جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

امریکی اسلامی تعلقات پر کام کرنے والی تنظیم "کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز" میں حکومتی امور کے شعبے کے ڈائریکٹر رابرٹ میک کاو کا کہنا ہے کہ کسی تقریب میں شرکت سے متعلق کوئی دعوت نامہ جاتا ہے تو بڑے پیمانے پر یہ تاثر موجود ہے کہ امریکی مسلم کمیونٹی کے رہنما اور تنظیمیں اسے مسترد کر دیں گی۔

میک کاو نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ امریکی مسلمانوں کا یہ مؤقف انتظامیہ کی جانب سے مسلم کمیونٹی کے فوری اور مستقل جنگ بندی کے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکامی کے باعث بنا ہے۔

امریکی مسلمانوں کے خدشات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ "مسلمان سمجھتے ہیں کہ حکومت نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے سے انکار کیا اور یہ ہتھیار غزہ میں ان کے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے خلاف نسل کشی میں استعمال ہو رہے ہیں۔"

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق بائیڈن انتظامیہ وائٹ ہاؤس میں رمضان کی تقریبات کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے جب کہ پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مہینے سے متعلق کسی جشن کا اعلان نہیں کیا گیا۔

انہوں نے پیر کو اپنی پریس بریفنگ کے دوران وی او اے کو بتایا، "ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بہت سی کمیونٹیز کے لیے ایک تکلیف دہ وقت ہے۔"

پریس سیکریٹری نے مزید کہا کہ وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام نے عرب، مسلم اور فلسطینی کمیونٹی کے اراکین سے "ان کے خیالات کے بارے میں بات کرنے، ان کے تحفظات کا اظہار کرنے کے لیے "ملاقات کی ہے" اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔"

صدر جو بائیڈن نے رمضان کے آغاز کے موقع پر ایک بیان میں کہا تھا کہ اس رمضان میں فلسطینی عوام کے مصائب "بہت سے مسلمانوں کے ذہن میں ہوں گے۔" اور "یہ میرے ذہن کے سامنے ہے۔"

اقتدار سنبھالنے کے بعد سے بائیڈن نے مسلم کمیونٹی کے رہنماؤں کی رمضان کے مہینے میں میزبانی کی دہائیوں پرانی وائٹ ہاؤس کی روایت کو جاری رکھا ہے۔ اس روایت کا آغاز 1996 میں صدر بل کلنٹن کے دور میں ہوا تھا۔

تب سے ری پبلکن اور ڈیموکریٹک صدور نے رمضان کے دوران افطار ڈنر یا عید الفطر کے استقبالیہ کی میزبانی کی ہے۔

لیکن اس سال امریکی مسلمانوں کی جانب سے ممکنہ طور پر بڑے پیمانے پر کسی تقریب کا بائیکاٹ کا سامنا کرنے کے علاوہ، وائٹ ہاؤس ایسے مناظر سے بھی گریز کرنا چاہے گا جہاں صدر کو فلسطینیوں کے حامی مظاہرین کی طرف سے چیخ و پکار کی صورت میں خلل کا سامنا ہو۔

خیال رہے کہ فلسطینیوں کے حامیوں میں سے کئی نے ملک بھر میں بائیڈن کی انتخابی مہم میں خلل ڈالا ہے۔

غزہ پر غم و غصہ فارس کے نئے سال کے تہوار نوروز پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ ایران سے باہر عراق، افغانستان، بھارت، پاکستان، ترکی، تاجکستان، آذربائیجان، ازبکستان اور قازقستان سے تعلق رکھنے والے مختلف نسلوں اور مذہبی وابستگیوں سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن یہ تہوار مناتے ہیں۔

اس سال نوروز رمضان میں ہے اور انتظامیہ نے ماضی کی طرح سینکڑوں لوگوں کو استقبالیہ میں مدعو کرنے کے بجائے اس ہفتے کے آخر میں وائٹ ہاؤس "نوروز اوپن ہاؤس ٹور" کی میزبانی کرے گا۔

اس بارے میں 'افغان امریکن فاؤنڈیشن' کے بورڈ کے رکن جاوید کوتوال کہتے ہیں کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ آیا امریکی صدر خود اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

لہذا، ان کے خیال میں رواں سال یہ تقریب ماضی کی وائٹ ہاؤس کی تقریبات کے مقابلے میں بالکل مختلف ہے۔

نوروز کے موقع پر اپنے بیان میں صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ جنگ نے "فلسطینی عوام کو خوف ناک مصائب سے دوچار کیا ہے۔" صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ فلسطینیوں کو مزید انسانی امداد پہنچانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کرتے رہیں گے۔

ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ وائٹ ہاؤس میں رمضان کی تقریبات کو تنازعات کا سامنا ہوا ہے۔

اپنے عہدے کے پہلے سال میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جنہوں نے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کی مہم چلائی اور مسلم اکثریتی ممالک سے امیگریشن پر پابندی کے متعدد احکامات جاری کیے، رمضان کی تقریب کی میزبانی نہیں کی تھی۔

سال 2018 اور 2019 میں ٹرمپ نے مسلم اکثریتی ممالک کے سفارت کاروں کو وائٹ ہاؤس میں افطار کے لیے خوش آمدید کہا تھا۔ لیکن امریکی مسلم تنظیمیں اور قانون ساز مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں تھے۔ اس وقت امریکی مسلم گروپوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں مدعو کیا جاتا تو وہ تقریب میں شرکت سے انکار کر دیتے۔

کچھ امریکی مسلمانوں نے مئی 2021 میں بائیڈن کی ورچوئل عید کی تقریبات کا بائیکاٹ کیا تھا کیوں کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی بڑھ گئی تھی جس میں 260 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوئے تھے۔

اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں اب تک غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 31 ہزار سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کر کے 1200 افراد کو ہلاک اور کم از کم 240 کو یرغمال بنا لیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG