Svoboda | Graniru | BBC Russia | Golosameriki | Facebook

رسائی کے لنکس

پیرس میں بڑی گاڑیوں کی پارکنگ فیس تین گنا اور سائیکل سواری کو فروغ دینے کی کوشش


حکام فرانس کے دارالحکومت کو مکمل طور پر سائیکل سواری کے لیے موزوں شہر بنانا چاہتے ہیں۔ (فائل فوٹو)
حکام فرانس کے دارالحکومت کو مکمل طور پر سائیکل سواری کے لیے موزوں شہر بنانا چاہتے ہیں۔ (فائل فوٹو)

فرانس کی حکومت دارالحکومت پیرس میں پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے اور شہر کو سائیکل سواری کے لیے موزوں بنانے کے اقدامات میں مصروف ہے۔

سائیکل کے شوقین پیرس کے شہری اب ایک ایسے ریفرنڈم میں حصہ لینے والے ہیں جس میں ان سے بڑی گاڑیوں یعنی ایس یو ویز کی شہر میں پارکنگ فیس تین گنا کرنے کی رائے مانگی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ ریفرنڈم شہر میں الیکٹرانک اسکوٹرز پر پابندی عائد کرنے کے لیے کیے گئے ریفرنڈم کے ایک برس بعد کیا جا رہا ہے۔

شہر کی مقامی حکومت کے مطابق اتوار کو ہونے والے ریفرنڈم کا مقصد ہے کہ ڈیڑھ ٹن سے وزنی گاڑیوں کی پارکنگ فیس 18 یوروز (لگ بھگ ساڑھے پانچ ہزار روپے فی گھنٹہ) کر دی جائے تاکہ شہر میں ان گاڑیوں کے داخلے کو کم کیا جاسکے۔

یہ فیس دو ٹن سے زیادہ وزنی الیکٹرک کاروں پر بھی عائد کی جائے گی۔

شہر کے ڈپٹی میئر ایمانوئل گریگوری نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ جتنی بھاری گاڑی، اتنی ہی خطرناک اور آلودگی پھیلانے والی ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ایس یو ویز ماحول کے لیے تباہ کن ہیں۔

شہر کی سوشلسٹ میئر این ہڈالگو کی قیادت میں پیرس کو گزشتہ چند برس میں تبدیل کیا گیا ہے۔

سال2020 کے بعد سے شہر کی سائیکلوں کے لیے بنائی گئی سڑکوں میں 84 کلومیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

کرونا لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد سے اب تک سائیکل سواری میں 71 فی صد اضافہ ہوا ہے۔

پیرس کی شہری 27 سالہ جولئیٹ برولی دارالحکومت کے علاقے مونٹ مارٹے میں ریفرنڈم میں ووٹ دینے آئیں۔

انہوں نے ’رائٹرز‘ سے گفتگو میں کہا کہ پیرس میں آپ کو ایس یو ویز کی ضرورت کیوں ہوگی؟

ان کے بقول وہ اپنے بچے کو روز سائیکل پر اسکول چھوڑنے جاتی ہیں۔

حالیہ برسوں میں فرانس میں خاندانوں میں ایس یو ویز کافی مقبول ہوئی ہے۔

بڑی گاڑی کی مالک 37 سالہ پیرس کی شہری لاؤرا نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ ایک دن میں 200 یورو کی فیس ان کی زندگی کو مشکل بنا دے گی۔

اس رپورٹ میں معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG