Svoboda | Graniru | BBC Russia | Golosameriki | Facebook

رسائی کے لنکس

غزہ میں جنگ بندی کی نئی کوششوں کا آغاز، بلنکن اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں سعودی عرب پہنچ گئے


 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جدہ میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کر رہے ہیں، فوٹو اے ایف پی ، 20 مارچ 2024
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جدہ میں امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کر رہے ہیں، فوٹو اے ایف پی ، 20 مارچ 2024

  • امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اسرائیل ۔حماس جنگ بندی کو یقینی بنانے کی اپنی نئی کوششوں کے پہلے مرحلے میں بدھ کو سعودی عرب پہنچے۔
  • انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورے میں ایک پڑاؤ کا اضافہ کر کے جمعے کو اسرائیل میں رکیں گے اور وہاں اہل کاروں سے ملاقات کریں گے۔
  • جمعرات کو قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ اور ایک اعلیٰ فلسطینی عہدیدار امریکی وزیر خارجہ بلنکن سے ملاقات کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے مشرق وسطیٰ کی اپنی نئی کوششوں کے پہلے مرحلے میں بدھ کو سعودی عرب پہنچے اور کہا کہ وہ اپنے دورے میں ایک پڑاؤ کا اضافہ کر کے جمعے کو اسرائیل میں رکیں گے اور وہاں اہل کاروں سے ملاقات کریں گے ۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل میں بلنکن "حماس کی شکست کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بات کریں گے، بشمول رفح میں، ایک ایسے طریقے سے جو شہری آبادی کو تحفظ فراہم کرے، انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹ نہ بنے، اور اسرائیل کی مجموعی سیکیورٹی میں اضافہ کرے۔

بلنکن، اسرائیل۔ حماس جنگ کے خاتمے کی اپنے تازہ ترین کوشش میں، جو اب تک ناکام رہی ہے ،مصر میں بھی رکیں گے۔ محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بلنکن اسرائیلی حکام کو عرب رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

جمعرات کو قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ اور ایک اعلیٰ فلسطینی عہدیدار امریکی وزیر خارجہ بلنکن سے ملاقات کریں گے۔

مصری وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق، بلنکن مصر، سعودی عرب، قطر اور اردن کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی تعاون کے وزیر اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں ملاقات کے موضوع کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں تاہم مصری سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ عرب ممالک اسرائیل۔ فلسطین تنازع کے سیاسی حل کے لیے منصوبے پیش کریں گے۔

اس طرح کے منصوبوں مؤخر کر دیا گیا تھا کیونکہ قطر، مصر اور امریکہ کے ثالثوں نے غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے لیے معاہدہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

بلنکن نے کہا ہے کہ وہ اپنے دورے کے دوران جنگ کے بعد کے غزہ میں گورننس، سیکورٹی، تعمیر نو اور پائیدار علاقائی امن کے لیے انتظامات کے بارے میں بات چیت کریں گے۔

رمضان کے آغاز سے قبل جنگ بندی کا کوئی معاہدہ طے کرانے کی ناکام کوششوں کے بعد اس ہفتے قطر میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے بات چیت جاری رہی۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG